صحافی گمشدگی معاملہ،مائیک پومپیو شاہ سلمان سے ملاقات کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے

IQNA

صحافی گمشدگی معاملہ،مائیک پومپیو شاہ سلمان سے ملاقات کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے

12:02 - October 16, 2018
خبر کا کوڈ: 3505230
بین الاقوامی گروپ- امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے براہِ راست ملاقات کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے۔

ایکنا نیوز- ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی ترجمان ہیتھرنوریٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی درخواست پر مائیک پومپیو سعودی عرب کے دورے کے بعد ترکی جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر نے واشنگٹن پوسٹ کے صحافی کی گمشدگی پر آزادانہ تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی ٹی وی سی این این نے دعویٰ کیا کہ سعودی حکام جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے ایک بیان تیار کررہے ہیں جس میں اس بات کا اعتراف کیا جاسکتا ہے سعودی قونصل خانے میں تفتیش کے دوران صحافی کا قتل ہوگیا۔

امریکی ٹی وی کی رپورٹ میں 2 نامعلوم ذرائع کا ذکر کیا گیا اور اس کے ساتھ اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا کہ چونکہ ابھی تک اس بارے میں بیان جاری نہیں ہوا اسلیے ہوسکتا ہے کہ سعودی عرب اپنا فیصلہ تبدیل کرلے۔

واضح رہے کہ دعوے کے مطابق مذکورہ بیان میں سعودی حکام مبینہ طور پر یہ اعتراف کرسکتے ہیں کہ تحقیقات کے غلط سمت میں جانے کے باعث صحافی کی موت واقع ہوگئی۔

دوسری جانب امریکی صدر نے امکان ظاہر کیا ہے کہ مذکورہ واقعے میں نامعلوم قاتل ملوث ہوسکتے ہیں۔

واشنگٹن میں صحافیوں سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی سعودی شاہ سلمان سے ملاقات ہوئی جنہوں نے اس بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔

نظرات بینندگان
captcha