ایرانی شہر قم میں منعقدہ انٹرنیشنل یوم دفاع کشمیر کانفرنس میں عالمی مقاومتی تنظیموں کیطرف سے کشمیر کی حمایت

IQNA

ایرانی شہر قم میں منعقدہ انٹرنیشنل یوم دفاع کشمیر کانفرنس میں عالمی مقاومتی تنظیموں کیطرف سے کشمیر کی حمایت

9:08 - February 07, 2022
خبر کا کوڈ: 3511265
بین الاقوامی کانفرنس میں انصار اللہ یمن، مقاومت اسلامی عراق، مقاومت اسلامی بحرین، مقاومت اسلامی شام ، مقاومت قرہ باغ آذربائیجان سمیت مختلف اہل قلم و علماء کرام نے شرکت کی۔

ایکنا نیوز کے مطابق 5 فروری 2022 بروز ہفتہ، انٹرنیشنل سپورٹ کشمیر فورم کی طرف سے مجلس وحدت مسلمین قم کے دفتر میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں انصار اللہ یمن، مقاومت اسلامی عراق، مقاومت اسلامی بحرین، مقاومت اسلامی شام ، مقاومت قرہ باغ آذربائیجان سمیت مختلف اہل قلم و علماء کرام نے شرکت کی. اس کانفرنس میں انٹرنیشنل سپورٹ کشمیر فورم کے سربراہ اور مشہور صحافی ڈاکٹر نذر حافی نے اس فورم کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ اس فورم سے ایک سال میں 28 میڈیا کانفرنسز منعقد ہو چکی ہیں جس میں مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر بحث کی جا چکی ہے اور اسی طرح مجلس‌ وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے مختلف عرب مقاومتی تنظیموں کو عربی زبان میں کشمیر میں ہونے والے مظالم پر وضاحت دی.

 

اس کانفرنس میں کشمیری راہنما مولانا فردوس حسین نے کشمیر کو امت مسلمہ کا فراموش شدہ مسئلہ قرار دیا اور کشمیر میں ہونے والے مظالم کی روداد بیان کی. مولانا فردوس نے امام خمینی رح کے ایک خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین دونوں کی یکجا حمایت کی نصیحت کی تھی لہذا مظلوموں کے درمیان تبیض نہیں ہونی چاہیے، مولانا فردوس نے مقاومتی تنظیموں کے نمائندوں سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی درخواست بھی کی اور ساتھ پاکستانی عوام کا کشمیر کی حمایت پر خصوصی شکریہ ادا کیا اس کے بعد مقاومت بحرین کے نمائندے نے کشمیر سمیت دنیا کے تمام مظلوموں کی حمایت کی تاکید کی.

 

اس کے بعد انصار اللہ یمن کے نمائندے احمد شامی نے اپنے روح پرور ریمارکس میں کہا کہ اس دنیا میں مظلومین کی فقط ایک صنف اور ایک قبیلہ ہے چاہے وہ کشمیر میں ہوں فلسطین میں ہوں یا یمن میں یا کسی بھی جگہ، اور اسی طرح ظالموں کا قبیلہ بھی امریکہ، اسرائیل اور اسکے نوکروں پر مشتمل ہے لہذا اس وقت دشمن کو فقط جہاد، استقامت اور ڈنڈے کی زبان ہی سمجھ آتی ہے پس سب مظلومین جہاں کو یک مشت ہو کر ظالم کا مقابلہ کرنا چاہیے اور ہم یمنی اللہ پر توکل کرتے ہوئے اپنی پوری طاقت کے ساتھ علی الاعلان کشمیری مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں. اس حمایت کشمیر کانفرنس میں مقاومت شام، عراق سمیت تمام عالمی نمائندوں نے کشمیر کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کی اور اپنے ممالک میں اس مسئلے کو اجاگر کرنے کی یقین دہانی کروائی اور آخر میں تمام شرکاء نے سپورٹ کشمیر فورم اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا حمایت کانفرنس میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا.

نظرات بینندگان
captcha